بھارتی ریاست احمد آباد میں ہندوتوا بلوائیوں کا ایسٹر کی تقریب پر حملہ

منگل 22 اپریل 2025 17:58

احمد آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) بھارت میں ہندوتوا تنظیموں بجرنگ دل اور وشوا ہندو پریشد کے ارکان نے ریاست گجرات کے شہراحمد آبادمیں مسیحی برادری کی ایسٹر کی تقریب پر حملہ کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ہندوتوا بلوائیوں کو لاٹھیاں اٹھائے اور جے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے تقریب میں زبردستی گھس کر توڑ پھوڑ کرتے ہوئے دکھایاگیاہے۔

(جاری ہے)

تقریب میں بچوں سمیت مسیحی برادری کے 100کے قریب افراد موجود تھے جب ہندوتوا بلوائیوں نے وہاں حملہ کیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے تفتیش کےلئے مسیحی برادری کے نمائندوں کوحراست میں لے لیا ہے ۔پولیس کے مطابق ہندتوا بلوائیوں نے تقریب میں شریک مسیحی برادری کے ارکان سے ان کے مذہب کے بارے میں پوچھ گچھ کی اور تبدیلی مذہب کابے بنیاد اور جھوٹا دعویٰ کرتے ہوئے ان پر حملہ کردیا، تاہم اودھو پولیس سٹیشن کے انسپکٹر پی این زنزووادیا نے تصدیق کی ہے کہ ہندوتوا کارکنوں کے اس دعوے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے ۔