جموں و کشمیر اور بھارت کی 5 ریاستوں کے طلبہ پر آسٹریلیا کے تعلیمی اداروں میں داخلوں پر پابندی عائد

منگل 22 اپریل 2025 18:07

کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) آسڑیلیانے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر اور بھارت کی 5 ریاستوں کے طلبہ پر سٹوڈنٹ ویزا کے حوالے سے سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آسڑیلیاکی 7یونیورسٹیوں نے پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش، راجستھان اور گجرات کے علاوہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرکے طلبہ پر سٹوڈنٹ ویزا کے حوالے سے پابندیاں عائد کی ہیں۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آسٹریلیا کو بھارت سے آنے والی درخواستوں میں جعلی اور غیر سنجیدہ ویزا درخواستوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ دیکھاگیا ہے ۔ آسٹریلوی حکام کے مطابق بہت سے بھارتی شہری حصول تعلیم کے مقصد کی بجائے مستقل رہائش حاصل کرنے کے لیے سٹوڈنٹ ویزا کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پابندی عائد کرنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کرنے والے بھارتی طالب علم فل ٹائم نوکریاں کرنے میں مصروف ہو جاتے ہیں اور پڑھائی پر توجہ کم دیتے تھے۔

جعلی ویزا درخواستوں کے رجحان کے پیش نظر آسٹریلیا کی کئی یونیورسٹیوں نے جموں و کشمیر اور 5بھارتی ریاستوں سے ویزا درخواستیں وصول کرنے پر یا تو مکمل پابندی عائد کردی ہے یا ان کے لیے اضافی جانچ پڑتال اور تصدیقی عمل متعارف کرایا ہے۔ بعض تعلیمی ادارے اب آسٹریلیا کے محکمہ داخلہ کے ساتھ مل کر ویزا درخواستوں کی سخت جانچ کر رہے ہیں تاکہ نظام کو شفاف بنایا جاسکے۔آسٹریلوی حکام نے اس صورتحال پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر سنجیدہ درخواستیں ملک کے تعلیمی نظام کی ساکھ کو متاثر کر سکتی ہیں۔ اگرچہ تمام یونیورسٹیوں پر یہ پابندیاں یکساں طور پر لاگو نہیں کی گئیں مگر کئی ادارے اب محکمہ داخلہ کے ساتھ مل کر اپنے داخلے کے عمل کو مزید سخت بنا رہے ہیں۔