اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کی زیرصدارت اجلاس،پی ایس ایل میچز کے دوران عوامی سہولیات، سکیورٹی اور ٹریفک پلان کا جائزہ لیا گیا

منگل 22 اپریل 2025 18:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیر قیادت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے لاہور میں ہونے والے میچز کے لیے انتظامات تیزی سے جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ پی ایس ایل میچز کی کامیاب میزبانی کے لیے پوری طرح متحرک ہے اور اس حوالے سے مختلف محکموں کے درمیان رابطہ اجلاس قذافی سٹیڈیم میں منعقد ہوا۔

ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں واسا، لیسکو، ٹریفک پولیس، لاہور پارکنگ کمپنی، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ایس ایل میچز کے دوران عوامی سہولیات، سکیورٹی اور ٹریفک پلان پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سٹیڈیم کے اطراف میں نئے پارکنگ پوائنٹس کی سکیورٹی کلیئرنس کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ لاہور پارکنگ کمپنی کی جانب سے 6 مختص پارکنگ ایریاز میں 46 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل میچز کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کے 150 اہلکار ڈیوٹی پر موجود ہوں گے جبکہ فیلڈ ہسپتال بھی قائم کیا جائے گا۔ شائقین کرکٹ کی سہولت کے لیے 10 شٹل بسیں چلائی جائیں گی تاکہ اسٹیڈیم تک رسائی آسان بنائی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ پی ایس ایل صرف ایک کرکٹ ایونٹ نہیں بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور ایک بار پھر بین الاقوامی کرکٹرز کا خیرمقدم کر رہا ہے اور ضلعی انتظامیہ تمام میچز کی کامیاب تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔