کرغزاعزازی قونصل جنرل مہرکاشف یونس کی قیادت میں صحافییوں کا لاہورپریس کلب کا دورہ

بدھ 23 اپریل 2025 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) کرغزستان کے اعزازی قونصل جنرل مہرکاشف یونس کی قیادت میں صحافی ازلان زیدی قوف،مسزاندرہ ازلان ،مس المائرہ ترسونالیوا، ایمبیسیڈر فار رشین ایجوکیشن اینڈ سائنس ڈاکٹر شاہد اور کوآرڈینیٹر اویس انور نے لاہورپریس کلب کا دورہ کیا۔لاہور پریس کلب کے سینئر نائب صدر افضال طالب ، نائب صدر صائمہ نواز، سیکرٹری زاہد عابد ، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، ممبران گورننگ باڈی مدثر شیخ ، سید بدر سعید، سرمد فرخ خواجہ ،شاہدہ بٹ ، محبوب چوہدری نے وفد کو کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔

اعزازی قونصل جنرل مہرکاشف یونس نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، دوطرفہ تجارت اور ٹورازم سمیت اہم معاملات پر مثبت پیش رفت کا اشارہ دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے پر اہم تجاویز دیں۔

(جاری ہے)

کرغزستان کے وفد نے پاکستان کو خطے کا اہم ملک قراردیتے ہوئے اس کے ساتھ تجارتی،ثقافتی اورصحت کے شعبوں میں تعاون کا عندیہ دیا۔کرغزستان کے وفد نے دونوں ملکوں کے درمیان ٹورازم،تجارت اور طلباکے وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زوردیا۔

وفد نے بتایا کہ کرغزستان قدرتی حسن سے مالا مال ملک ہے،جس میں ٹورازم کے مواقع چھپے ہیں ، پاکستانی شرکاکی طرف سے سی پیک کی اہمیت پر پوچھے گئے سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ سی پیک خطے کا گیم چینجر منصوبہ ہے جس سے نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ خطے کے تمام ممالک فیض یاب ہوں گے، کرغزستان اس منصوبے کو خطے کیلئے ایک اہم پیش رفت سمجھتاہے۔اس موقع پر شرکاکے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کرغز وفد نے بتایاکہ وہ لاہور پریس کلب میں تعاون بڑھانے کے لئے اقدامات کرناچاہتے ہیں تاکہ دونوں ملکوں کے صحافیوں کا تبادلہ آسان بنایاجا سکے۔

اس موقع پر لائف ممبر نعیم مصطفی اور منیب الحق بھی موجود تھے۔سیکرٹری زاہد عابد نے معزز مہمانوں کا کلب آمد پر شکریہ اداکیا اور ان کے دورے کو یادگار قراردیتے ہوئے انہیں کلب کی جانب سے گلدستہ پیش کیا۔