کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام پر ہوئے حملے کی کڑی مذمت

یو این بدھ 23 اپریل 2025 05:15

کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام پر ہوئے حملے کی کڑی مذمت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 23 اپریل 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام پر ہونے والے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں دو درجن سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اب تک کی موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے منگل کو پہلگام سے پانچ کلومیٹر دور پہاڑی علاقے بیسرن وادی میں سیاحوں پر گولیاں چلائیں۔

حملے میں ہوئی ہلاکتوں کے علاوہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے اپنی روازنہ کی پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ یو این سربراہ نے اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے زور دے کر کہا ہے کہ عام شہریوں کو نشانہ بنا کر کیے جانے والے حملے کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہو سکتے۔

اس حملے کو انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں حالیہ برسوں میں عام شہریوں پر ہونے والے سب سے ہولناک حملوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب موسم گرما کے آغاز کی وجہ سے سیاح بڑی تعداد میں پہاڑی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔