حکومت ملک کو اندھیروں سے نکالنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ،چوہدری اسد الرحمن

بدھ 23 اپریل 2025 17:27

کمالیہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)سابق رکن قومی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما چوہدری اسد الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ملک کو اندھیروں سے نکالنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی مسلم لیگ ن کی قیادت کی سنجیدہ اور عوام دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے ، جو کہ ایک قابل ستائش اور دیرپا فائدے کی حامل پیش رفت ہے ۔

مسلم لیگ ن نے ہمیشہ قومی مفاد کو مقدم رکھا ہے اور اپنے سابقہ ادوار میں بھی علاقائی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، اور توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیاان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نہ صرف جاری مسائل کو حل کرنے کے لیے کوشاں ہے بلکہ ایک روشن، خوشحال اور مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

توانائی کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات اور بجلی کے نرخوں میں کمی سے نہ صرف صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا بلکہ عام آدمی کو بھی براہ راست ریلیف ملے گا۔ مسلم لیگ ن کی قیادت جانتی ہے کہ عوام کی خدمت ہی اصل سیاست ہے ، اور اسی جذبے کے تحت ہم اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منفی پروپیگنڈے سے متاثر نہ ہوں اور مسلم لیگ ن کی ترقیاتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے قومی یکجہتی کو فروغ دیں۔