پی پی 52ضمنی انتخاب ،صوبائی الیکشن کمشنر نے ڈسٹر کٹ ریٹرننگ آفیسر سے حلف لیا

کاغذات نامزدگی 23تا 25اپریل تک ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروانے کا سلسلہ جاری

بدھ 23 اپریل 2025 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 52سیالکوٹ میں انتخابی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے ۔ صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ نے سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 52 کے ڈسٹر کٹ ریٹرننگ آفیسر سے حلف لیا۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسر کی جانب سے پبلک نوٹس جار ی کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

امیدواران کے کاغذات نامزدگی 23تا 25اپریل 2025تک ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال30اپریل تک مکمل کی جائے گی۔

کاغذات نامزدگی کے منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 3مئی ہے جبکہ امیدواران کی انتخابی نشانات کے ساتھ حتمی فہرست 13مئی کو جاری کی جائے گی۔ مذکورہ صوبائی اسمبلی حلقے میں یکم جون 2025بروز اتوار کو پولنگ کا انعقاد کیا جائے گا ۔