معاون خصوصی برائے توانائی انجنئیر طارق سدوزئی کا پیہورپن بجلی گھر صوابی کا دورہ،پیداواری یونٹس کا جائزہ

بدھ 23 اپریل 2025 23:15

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2025ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے معاون خصوصی برائے توانائی انجنئیر طارق سدوزئی نے ضلع صوابی میں 18میگاواٹ پیہورپن بجلی گھرکا اچانک دورہ کیا اوربجلی گھر میں پیداواری یونٹس کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں بجلی گھر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ پیہورپن بجلی گھرسال2009میں مکمل کیا گیا۔

بجلی گھر سے ویلنگ ماڈل کے ذریعے سے 5انڈسٹریل یونٹس کو ارزاں نرخوں پر بجلی فروخت کی جارہی ہے جس سے صوبے کو سالانہ کروڑوں روپے کی آمدن ہورہی ہے۔ معاون خصوصی انجنئیر طارق سدوزئی نے لائن لاسسز کی مدمیں پیسکو کی جانب سے کٹوتی کے معاملے پر متعلقہ حکام سے بات چیت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

آخرمیں انہوں نے متعلقہ افسران پر زوردیا کہ بجلی گھر سے اسکی مقررہ گنجائش کے مطابق زیادہ سے زیادہ پیداوارممکن بنائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ آمدن حاصل ہو۔

انہوں نے بجلی گھر پر خدمات سرانجام دینے والی پیڈوکی ٹیم کے ارکان کی کاوشوں کو سراہا اورامیدکا اظہار کیا کہ وہ عوام کے بہترین مفاد میں اپنی تمام ترتوانائیاں صرف کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ وہ توانائی کے دستیاب وسائل کو زیادہ سے زیادہ بروئے کارلاکرصوبے کی معیشت کوا ستحکام دینے کے ساتھ ساتھ لوڈشیڈنگ سے عوام کونجات دلائے۔

متعلقہ عنوان :