G پوری سندھ سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے

‘ ہر مکتبہ فکر کے لوگ بغیر کسی فرق کے سندھ دریا کو بچانے اور کارپوریٹ فارمنگ کے خلاف عملی جدوجہد میں مصروف ہیں، ڈاکٹر قادر مگسی

بدھ 23 اپریل 2025 20:20

yحیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2025ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ پوری سندھ سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے، ہر مکتبہ فکر کے لوگ بغیر کسی فرق کے سندھ دریا کو بچانے اور کارپوریٹ فارمنگ کے خلاف عملی جدوجہد میں مصروف ہیں، اب حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ اپنے وطن اور اسے سرسبز رکھنے والے دریائے سندھ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور وہ کسی صورت سندھ کے مفادات کے خلاف منصوبے قبول نہیں کریں گے۔

ایس ٹی پی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی چاہے جتنا بھی ٹال مٹول کرے، مگر وہ براہِ راست سندھ کے مفادات کے خلاف منصوبوں میں ملوث ہے۔ ہم گزشتہ آٹھ مہینوں سے سندھ کے کونے کونے میں جا کر عوام کو آگاہ کر رہے ہیں کہ سندھ سے دریائے سندھ چھیننے اور زمینوں پر قبضے کی سازشیں ہو رہی ہیں، جس کے نتیجے میں آج سندھ بیدار ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کے ہر شہر اور ہر چوک پر سندھ دشمن منصوبوں کے خلاف نعرے بلند ہو رہے ہیں۔ اگر ان حکمرانوں نے اب بھی ہوش نہ سنبھالا تو اس کے انتہائی خراب نتائج نکلیں گے، جو کسی بھی صورت ملک کے مفاد میں نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے ساتھ پانی کے معاملے پر ہمیشہ ناانصافی ہوتی رہی ہے۔ سندھ کو اس کے معاہدے کے مطابق پانی نہیں دیا جا رہا۔ اس وقت سندھ کے لوگ پینے کے پانی کے لیے تڑپ رہے ہیں۔ انڈس ڈیلٹا مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، سمندر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ 1991کے معاہدے کے تحت کم از کم دس ملین ایکڑ فٹ پانی کوٹری ڈان اسٹریم کو دیا جانا ضروری ہے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔