فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی کوہالہ انٹری پوائنٹ پر کارروائی،غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ آئل و گھی ضبط

جمعرات 24 اپریل 2025 17:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر کی زیر نگرانی فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے کوہالہ انٹری پوائنٹ پر فوڈ ڈیلیوری گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے دوران غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ آئل اینڈ گھی اورمعروف کمپنی کی غیر معیاری مصنوعات کو ضبط کرتے ہوئے جرمانہ عائد کر دیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرمظفرآباد نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی فروخت اندرون آزاد کشمیر فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے خلاف ہے۔

(جاری ہے)

غیر رجسٹرڈ فوڈ بزنس آپریٹرز کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017اور پیور فوڈ ریگولیشن 2019 کا نفاذ حقیقی معنوں میں یقینی بنائیں گے۔عوام کو ملاوٹ سے پاک اشیائے خوردونوش کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ایسے عناصر کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔تمام فوڈ بزنس آپریٹرز فوڈ اتھارٹی کی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔عملدرآمد یقینی نہ بنانے والے فوڈ بزنس /تاجروں کے خلاف فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔