Live Updates

وزیراعظم کا دورہ ترکی دوطرفہ تجارت کیلئے خوش آئند ہے، جنید نقی

ْترکی کے ساتھ پانچ ارب ڈالر تجارتی ہدف کے لیے عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں، صدر کاٹی

جمعرات 24 اپریل 2025 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جنید نقی نے وزیراعظم شہباز شریف کے ترکی کے سرکاری دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور ترکی کے درمیان معاشی تعاون کے نئے باب کا آغاز ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ترکی پاکستان کا دیرینہ اسٹریٹجک پارٹنر ہے اور موجودہ عالمی حالات میں ایسے مضبوط تعلقات انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ جنید نقی نے کہا کہ توقع ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 5 ارب ڈالر کی تجارتی ہدف کے حصول کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

صدر کاٹی نے کہا کہ گزشتہ سال 1.4 ارب ڈالر کی تجارتی ریکارڈ سطح ایک حوصلہ افزا اشارہ ہے، اور ہمیں امید ہے کہ اب یہ شرح مزید بڑھے گی، خصوصاً ٹیکسٹائل، مشینری، آئی ٹی اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبوں میں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کی جانب سے اسلام آباد-تہران-استنبول تجارتی راہداری کی فعالی میں دلچسپی ایک گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔ جنید نقی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس راہداری کے ذریعے پاکستانی برآمدکنندگان کو یورپ اور مشرق وسطیٰ تک آسان رسائی حاصل ہو۔ صدر کاٹی نے کہا کہ ہمیں وزیراعظم اور ترک صدر طیب اردوان کے درمیان ملاقات سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔

دونوں رہنماو?ں کے وژن کو مؤثر انداز میں عملی جامہ پہنایا جائے تو پاکستان کی برآمدات، صنعتی پیداوار، اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں غیر معمولی اضافہ ممکن ہے۔جنید نقی نے امید ظاہر کی کہ ڈیجیٹل تجارت، اور توانائی کے شعبے میں معاہدے پاکستانی صنعتکاروں کیلئے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مقامی صنعت کو ترکی کے ساتھ شراکت داری سے براہ راست فائدہ پہنچے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات