مینوفیکچرنگ سیکٹر کو کریڈٹ کی فراہمی میں آسانی پیدا کرنے کے لئے قائم کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس

جمعرات 24 اپریل 2025 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں جمعرات کو مینوفیکچرنگ سیکٹر کو کریڈٹ کی فراہمی میں آسانی پیدا کرنے کے لئے قائم کمیٹی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے کی۔اجلاس میں مینوفیکچرنگ سیکٹر کے لئے فنانسنگ کے مواقع بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔

ہارون اختر نے اس بات پر زور دیا کہ صنعتی ترقی کے لئے کریڈٹ تک آسان رسائی ناگزیر ہے اور کریڈٹ فراہمی میں درپیش رکاوٹوں اور پالیسی مسائل کو حل کرنا ضروری ہے تاکہ اس شعبے کی استعداد اور مسابقت میں اضافہ ہو سکے۔اجلاس میں قرضوں کی فراہمی میں موجود چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے اس امر پر زور دیا کہ صنعتکاروں کو قرضوں کی فراہمی کے لئے بینکاری شعبے کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

ہارون اختر نے حکومت کی جانب سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کی مکمل معاونت کے عزم کو دہراتے ہوئے کہاکہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کو کریڈٹ فراہمی آسان بنانے کے اقدامات بھی زیرِ غور ہیں۔کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کو درپیش اہم مسائل کی نشاندہی کرے اور پالیسی تجاویز مرتب کرے تاکہ بروقت اور مؤثر کریڈٹ معاونت یقینی بنائی جا سکے۔