نیب کو جدید دور کے مطابق ڈیجیٹلائیز کیا جا رہا ہے ‘لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد

گذشتہ دوسالوں میں کسی کی نیب کے ہاتھوں کردار کشی کی شکایت موصول نہیں ہوئی ،5400ارب کی ڈائریکٹ و اِن ڈائریکٹ ریکوری کی ملکی معیشت کی بہتری کے لئے تمام قومی اداروں ،بزنس کمیونٹی کو ساتھ ملا کر اقدامات کرنا چاہتے ہیں‘چیئرمین نیب کا لاہور چیمبر میں خطاب

جمعرات 24 اپریل 2025 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء) چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب )لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ نیب کو جدید دور کے مطابق ڈیجیٹلائیز کیا جا رہا ہے ،ملکی معیشت کی بہتری کے لئے تمام قومی اداروں اور بزنس کمیونٹی کو ساتھ ملا کر اقدامات کرنا چاہتے ہیں ،گذشتہ دوسالوں کے دوران کسی کی نیب کے ہاتھوں کردار کشی کی شکایت موصول نہیں ہوئی لیکن قومی خزانہ میں اربوں روپے جمع کروانے کا سلسلہ جاری رہا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صدر لاہور چیمبر میاں ابو زر شاد اور کور کمیٹی ممبران کی جانب سے چیئرمین نیب کو جامع بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین نیب کے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز دورہ کے دروان ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور محمد احترام ڈار،ڈی جی آپریشنز نیب امجد مجید اولکھ، ڈی جی نیب راولپنڈی وقار احمد چوہان، ڈی جی نیب ملتان انجینئر مسعود عالم خان اور دیگر اعلی افسران انکے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں سینئر نائب صدر ایل سی سی آئی انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد چوہدری، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور پنجاب کے دیگر چیمبرز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ دو سال قبل ذمہ داریاں سنبھالیں تو حالات یکسر مختلف تھے۔ بزنس کمیونٹی ، بیوروکریسی اور سیاسی حلقہ کو خدشات تھے جنہیں مدِنظر رکھتے ہوئے نیب میں متعدد ریفارمز کی گئیں اور بزنس کمیونٹی و بیوروکریسی کو نیب کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔

اس ضمن میں نیب کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے گذشتہ دو سالوں میں5400ارب کی ڈائریکٹ و اِن ڈائریکٹ ریکوری ممکن بنائی ہے۔ گذشتہ دوسالوں کے دوران کسی کی نیب کے ہاتھوں کردار کشی کی شکایت موصول نہیں ہوئی لیکن قومی خزانہ میں اربوں روپے جمع کروانے کا سلسلہ جاری رہا۔چیئرمین نیب نے آگاہ کیا کہ نیب کے حالیہ اقدامات سے بزنس کمیونٹی کے دل سے نیب کا خوف ختم ہوا ہے اورملک میں بزنس کے لئے سازگار ماحول میسر ہوا ہے ۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے تمام قومی اداروں اور بزنس کمیونٹی کو ساتھ ملا کر اقدامات کرنا چاہتے ہیں جبکہ پاکستانی بزنس کمیونٹی ملکی معیشت کو ٹریلین ڈالر اکانومی میں تبدیل کرنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا کہ نیب میں جھوٹی شکایات جمع کروانے کا راستہ بند کیا گیا ہے ۔ گذشتہ سال 18ہزار شکایات موصول ہوئیں جن میں 86فیصد جھوٹی ثابت ہوئیں ۔

نیب قانون کی شق 18(h)کے تحت جھوٹی شکایت پر 20لاکھ جرمانہ اور 5سال تک قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔ نیب میں حالیہ اصلاحات کے مطابق متاثرین کی سہولت کیلئے واٹس ایپ گروپ تشکیل دیئے گئے ہیں ۔ چیئرمین نیب نے آگاہ کیا کہ نیب کو جدید دور کے مطابق ڈیجیٹلائیز کیا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر میاں ابو زر شاد نے کہا کہ فوج واحد ادارہ ہے جو ملک و قوم کیلئے قربانیاں دے رہا ہے۔

پوری بزنس کمیونٹی قومی ادارہ کے ساتھ ملکی دفاع کیلئے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ایل سی سی آئی ملک سے کرپشن کے خاتمہ کے لئے نیب کیساتھ بھرپور تعاون اور اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپیڈ منی میکرز ملک کی معاشی کارکردگی کو نقصان پہنچا رہے ہیں تاہم ایک سال کے دوران 10ارب ڈالر باہر منتقل ہوچکا اور 4200کمپنیاں ملک سے باہر رجسٹرڈ ہوئیں۔ اپنے دورہ کے دوران چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے لاہور چیمبر میں نیب بزنس سہولت سینٹر کا افتتاح کیا جبکہ صدر لاہور چیمبر آف کامرس کی جانب سے چیئرمین نیب کو سوونیئر بھی پیش کیا گیا۔