متنازعہ کینال منصوبے کی واپسی، جے یو آئی کی جدوجہد رنگ لے آئی وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا علامہ راشد محمود سومرو سے رابطہ

دریائے سندھ پر کینال کے فیصلے کی واپسی پر راشد سومرو کو مبارکبادجے یو آئی کی جدوجہد رنگ لے آئی، متنازعہ فیصلہ واپس ،جے یو آئی نے سب سے پہلے آل پارٹیز کانفرنس بلا کر سنجیدہ قدم اٹھایا،وزیراعلی سندھ فیصلے کی واپسی آل پارٹیز کے اعلامیے کی کامیابی ہے ،مراد علی شاہ شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، خورشید شاہ اور جمیل سومرو کا راشد سومرو سے الگ الگ رابطہ

جمعرات 24 اپریل 2025 22:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دریائے سندھ پر کینال منصوبے کے فیصلے کی واپسی پر مبارکباد دی۔ وزیراعلی نے کہا کہ یہ فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کاوش اور آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے کی کامیابی کا نتیجہ ہے۔

وزیر اعلی مراد علی شاہ نے اعتراف کیا کہ جے یو آئی نے سب سے پہلے سنجیدہ اقدام اٹھاتے ہوئے آل پارٹیز کانفرنس بلائی، جو کہ ایک اہم پیش رفت تھی۔ انہوں نے علامہ راشد سومرو کی مسلسل جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ کے مفادات کے تحفظ کے لیے آپ کا کردار قابل تحسین ہے۔صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، خورشید شاہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما جمیل سومرو نے بھی علامہ راشد سومرو سے الگ الگ رابطہ کر کے ان کی سیاسی بصیرت اور مسلسل تحریک پر خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ "آٹھ ماہ کی مسلسل جدوجہد کے بعد اب نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ شرعی فتوے، دھرنے اور بھرپور عوامی جلسے حکومت کو فیصلہ واپس لینے پر مجبور کر چکے ہیں۔ لیکن جب تک کینالز پر پابندی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوتا، ہماری تحریک جاری رہے گی۔"انہوں نے مزید کہا کہ "کالاباغ ڈیم کے بعد کینالز کے معاملے پر بھی ہمارا مقف ہمیشہ واضح اور غیر متزلزل رہا ہے۔

سندھ کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔"جے یو آئی سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی کے مطابق جییوآئی کی عوامی رابطہ مہم جاری ہے اور جلسے اپنے شیڈول کے مطابق منعقد کیے جا رہے ہیں۔ کل گھوٹکی اور پرسوں سکھر میں بڑے عوامی اجتماعات منعقد ہوں گے، جن سے علامہ راشد محمود سومرو ودیگر رہنما اہم خطاب کریں گے۔