Live Updates

صوبائی وزیر سید فخر جہان کا ہندوستان کی اشتعال انگیزی اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر سخت ردِ عمل

جمعرات 24 اپریل 2025 23:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے ہندوستان کی جانب سے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی پر پاکستان کو مورود الزام ٹھہرانے اور مسلسل اشتعال انگیزی کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ہندوستان خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے تاہم پاکستان اپنے دفاع اور سلامتی کو ہر چیز پر مقدم رکھتا ہے اور ہندوستان کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ہندوستان کے اقدامات سیاسی مقاصد پر مبنی،انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور قانونی جواز سے عاری ہیں اور انھیں اپنے شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکامی کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیئے جبکہ اس کا نزلہ پاکستان پر نہ ڈالے۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان ایک تاریخی اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ معاہدہ ہے جس کی معطلی نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ پاکستان کے آبی حقوق پر براہ راست حملہ ہے۔

(جاری ہے)

ہندوستان کا یہ غیر ذمہ دارانہ اقدام خطے میں تناؤ کو مزید بڑھا سکتا ہے اور ہم اپنے ملک پر اس طرح کی مہم جوئی کسی بھی قیمت قبول کرنے کیلئے تیار نہیں اور بحثیت قوم اس کا بھر پور جواب دیں گے۔

سید فخر جہان نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیاں اور دھمکی آمیز بیانات نہ صرف امن کے دشمن ہیں بلکہ یہ ثابت کرتے ہیں کہ بھارت ایک جارحانہ پالیسی کے تحت خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور وسائل کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہندوستان نے پہلے بھی ایک ناکام کوشش کی تھی جس کا منہ توڑ جواب دیا گیا تھا جسے مودی سرکار اپنے ذہن میں رکھ کر کوئی فیصلہ کرے۔

انھوں نے کہا کہ ہندوستان نے اپنے ملک میں اقلیتوں اور خاص طور پر مسلمانوں کو نوستہ دیوار کیا ہوا ہے اور حال ہی میں وقف بل کی جبری منظوری سے مسلمانوں کو مزید بھی کنارے پر دھکیلنے کی کوشش کی ہے تو اسی تناظر میں ہندوستان کے اپنے ملک میں مودی مخالفت لوگوں کا رد عمل فطری ہے،اس لیے وہ اپنے اندورنی معاملات سے پاکستان کو دور رکھے اور اگر انھوں نے کوئی ناکام کوشش کی تو ہم اس کا بروقت جواب شدت سے دیں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات