Live Updates

پہلگام حملہ: انڈیا اور پاکستان سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست

یو این جمعہ 25 اپریل 2025 04:30

پہلگام حملہ: انڈیا اور پاکستان سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 25 اپریل 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشت گردی کے حالیہ واقعہ کے بعد انڈیا اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے دونوں ملکوں کو زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور اختلافات کو پُرامن ذرائع اور بامعنی بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی تلقین کی ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیکریٹری جنرل نے 22 اپریل کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے اس حملے میں کم از کم 26 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق اگرچہ موجودہ حالات کے حوالے سے سیکریٹری جنرل کا دونوں ممالک کے ساتھ براہ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا، تاہم وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

سیکریٹری جنرل نے انڈیا اور پاکستان دونوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے کی پہلے سے کشیدہ صورتحال کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔

جب ترجمان سے انڈیا کی جانب سے پاکستان کے ساتھ پانی کے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے اعلان کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے دوبارہ تحمل اور کشیدگی سے بچنے پر زور دیا۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات