چارسدہ، تھانہ شبقدر پولیس کی کارروائی، بین الاضلاعی موٹر سائیکل چور گروہ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

جمعہ 25 اپریل 2025 11:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) شبقدر پولیس نے اہم کارروائی کے دوران بین الاضلاعی موٹر سائیکل چور گروہ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران چوری شدہ 15 موٹر سائیکلیں اور نقد رقم چار لاکھ روپے برآمد کرلی گئی۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے، جس میں مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔

شبقدر پولیس کو موٹر سائیکلز چوری کی کچھ رپورٹ موصول ہونے پر ڈی پی او چارسدہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انوسٹی گیشن سجاد خان کی نگرانی میں ڈی ایس پی شبقدر ریاض خان، ایس ایچ او شبقدر فضل داؤد خان، سی آئی او شبقدر شعیب خان، ارشد خان، محبوب خان اور شیراز خان پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم نے جدید تکنیکی وسائل اور ہیومن انٹیلیجنس کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کیا، کارروائی کے دوران گروہ کے سرغنہ عنایت الرحمان ولد عزیز الرحمان ساکن کلیاس حال پشاور اور اس کے ساتھی بحتور شاہ ولد سیدا خان ساکن میاں کلے پیر قلعہ کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

تفتیش کے دوران ملزمان کی نشاندہی پر مختلف مقامات سے چوری شدہ 15 موٹر سائیکلیں اور سرقہ شدہ موٹر سائیکلز کی چار لاکھ روپے نقدی برآمد کرلی گئی۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس میں گروہ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں اور جرائم کی نوعیت کے حوالے سے مزید انکشافات متوقع ہیں۔

متعلقہ عنوان :