مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات ،خودکشی سمیت مختلف واقعات میں 7افراد جاںبحق

ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق، میر میر کالونی میں پچاس سالہ شخص نے گلے میں پھندا لے لیا اسلامپورہ میں تیس سالہ نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق، گڑھی شاہو میں فٹ پاتھ کنارے سے لاش برآمد

جمعہ 25 اپریل 2025 12:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات ،خودکشی سمیت مختلف واقعات میں 7افراد جاںبحق جبکہ بچی سمیت 2 زخمی ہو گئے۔چوہنگ ملتان روڈ پر ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار 60 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا، حادثہ موٹرسائیکل اور کار کے درمیان تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس سے 60 سالہ شخص موقع پر دم توڑ گیا جس کی شناخت کلیم کے نام سے ہوئی جو رنگ محل لاہور کا رہائشی تھا ۔

گلدشت ٹائون ٹریفک حادثے میں 55 سالہ شہری جاںبحق ہو گیا جس کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ریس کورس میاں میر کالونی میں 50 سالہ شخص حق نواز نے نا معلوم وجوہات کی بناء پر گلے میں پھندا لے کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔اسلامپورہ کے علاقے میں30 سالہ نوجوان کرنٹ لگنے سے جاںبحق ہو گیا ، متوفی کی شناخت 30 سالہ نعمان کے نام سے ہوئی۔

(جاری ہے)

گڑی شاہو کے علاقہ علامہ اقبال روڈ فٹ پاتھ سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی متوفی کی شناخت27 سالہ شہباز کے نام سے ہوئی جو بظاہر نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے۔

گلشن راوی میں ٹریفک حادثہ میں ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا زخمی ہو گیا ۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا،حادثے کا شکار ایک نوجوان موقع پر دم توڑ گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دوسرے نوجوان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا،حادثے کے بعد ڈرائیور بس چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا۔حادثے میں جاں بحق اور زخمی نوجوان کی شناخت نہیںہوسکی۔

گلبرگ میں یونیورسٹی کی تیز رفتار بس کی ٹکر سے 66 سالہ موٹر سائیکل سوار سلیم حسین جاں بحق جبکہ اس کی نواسی زخمی ہو گئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق سلیم حسین اپنی نواسی کو سکول چھوڑنے کے لیے جا رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں سلیم موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ بچی زخمی ہو گئی۔پولیس اور تحقیقاتی اداروں کی کاروائی کے بعد میتوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔