Live Updates

پاکستان کی آزادی اور وقار کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارے ہیرو ہیں،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

جمعہ 25 اپریل 2025 16:50

سیالکوٹ ،25 اپریل (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) پاکستان کی آزادی اور وقار کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارے ہیرو ہیں ہم الفاظ میں انکا شکریہ ادا نہیں کر سکتے۔ ان کی قربانیاں نہ صرف ہمارے لیے ایک سنگِ میل ہیں بلکہ ان کے عزم و حوصلے کا ہر لمحہ ہمیں اپنے وطن کی خدمت میں مصروف رہنے کی ترغیب دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کوبے چک میں شہداء کی قربانیوں کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی اور سالمیت کے لیے ہمارے شہداء نے جو قربانیاں دی ہیں، وہ کسی قیمت فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ ان کی قربانیاں ہمارے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں،آج ہمیں شہداء کی قربانیوں کو نہ صرف یاد کرنا چاہیے بلکہ ان کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے اپنے عزم اور حوصلے کو مزید مضبوط کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرکےان کی قربانیوں کو سامنے رکھ کریہ سوچنے کا ہے کہ ہم کس طرح اپنے وطن کی خدمت کرسکتے ہیں، یہ ہم پر ہے کہ ہم اپنے شہداء کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنی قوم کو ترقی کی راہوں پر لے کر جائیں اور ان کی قربانیوں کا حق ادا کریں۔آخر میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم سب کو ایک ذمہ دار شہری کی طرح اپنے وطن کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ شہداء کی قربانیاں ضائع نہ ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں ہمارے لیے روشن مثال ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات