انسداد پولیو مہم: ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ اور نیشنل ٹیم کا سانگھڑ کے مختلف تعلقوں کا دورہ

جمعہ 25 اپریل 2025 17:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ برائے پولیو کے نمائندہ ارشاد علی سوڈھر، نیشنل ایمرجنسی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر انوار الحق اور ڈاکٹر احمد علی شیخ پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سانگھڑ میں جاری انسداد پولیو مہم کا جائزہ لینے کے لیے ضلع کے مختلف تعلقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

وفد نے مہم کی مانیٹرنگ کے عمل کا بغور معائنہ کیا اور مختلف فیلڈ پوائنٹس پر ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ دورے کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اجلاس منعقد ہوا ،جس میں محکمہ صحت کے افسران، ضلعی انتظامیہ اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دولت جمالی نے انسداد پولیو مہم کی پیش رفت، درپیش مسائل اور حل کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وفد نے مہم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانگھڑ میں انسداد پولیو کے لیے مثبت اقدامات کیے جا رہے ہیں تاہم بعض تعلقوں میں مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ڈپٹی کمشنر سارہ جاوید نے اجلاس میں کہا کہ وہ خود مہم کی نگرانی کر رہی ہیں اور اسسٹنٹ کمشنرز و محکمہ ریونیو کے افسران بھی اس قومی مہم میں محکمہ صحت کے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالمجید زہرانی، اسسٹنٹ کمشنر شفیق احمد آریسر، یونیسیف کے نمائندے آفتاب احمد، ڈاکٹر بلال (ڈبلیو ایچ او) سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :