Live Updates

کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس میں بین الہزارہ قرأت و نعت مقابلوں کا انعقاد

جمعہ 25 اپریل 2025 17:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کی لٹریری سوسائٹی کے زیر اہتمام ایبٹ آباد کیمپس میں بین الہزارہ قرأت و نعت مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔مقابلہ میں ہزارہ بھر سے 27 سے زائد مختلف جامعات کالجز اور سکولز کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی ۔قرأت میں پاکستان سکاؤٹس کیڈٹ کالج مانسہرہ کے سید محمد طلحہ اور نعت خوانی میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ہری پور کے دانیال احمد اول پوزیشن کے ساتھ فاتح قرار پائے ۔

مہمان خصوصی سینئر سپورٹس جرنلسٹ اور ہزارہ اباسین آرٹس کونسل ایبٹ آباد کے شعبہ نعت کے انچارج طاہر منیر اعوان اور صدر تقریب ڈائریکٹر کامسیٹس ایبٹ آباد پروفیسر ڈاکٹر شاہد خٹک نے کامیاب طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ہارون الرشید آڈیٹوریم میں ہزارہ ڈویژن کی سطح پر ان مقابلوں کا انعقاد کیا۔مقابلوں میں قرأت میں منصفین کے فرائض حافظ رخسار راجپوت اور حافظ عبدالباسط مہروی جبکہ مقابلہ نعت میں ممتاز نعت گو شاعر اور نعت خواں اسامہ پرویز اور قیصر ہاشمی نے سر انجام دیے ،تقریباً پانچ گھنٹوں سے زائد تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں قرأت میں پاکستان سکاؤٹ کیڈٹ کالج مانسہرہ کے سید محمد طلحہ نے پہلی ،گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر ون ایبٹ آباد کے سید زکریا نے دوسری اور ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے حافظ سلمان خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

نعت خوانی کے مقابلوں میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین نمبر ون ایبٹ آباد کی اقراء جہانزیب دوسرے اور گورنمنٹ کامرس کالج ایبٹ آباد کے مزمل جلیل اور دی پیس گروپ آف سکولز اینڈ کالجز کے فہد نسیم مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رہے۔ مقابلوں کے اختتام پر مہمان خصوصی طاہر منیر اعوان ،صدر تقریب ڈائریکٹر کامسیٹس ایبٹ آباد پروفیسر ڈاکٹر شاہد خٹک سی ایل ایس کے فیکلٹی انچارج پروفیسر ڈاکٹر اسد رفاق ججز اسامہ پرویز حافظ رخسار راجپوت اور حافظ عبدالباسط مہروی نے بھی خطاب کیا ۔

مہمان خصوصی طاہر منیر اعوان نے کہا کہ ضروری ہے کہ ہم عشق مصطفیٰ ؐکو اپنے سینوں میں بسا کر اور کتاب مبین سے اپنے مسائل کا حل تلاش کریں۔ صدر تقریب پروفیسر ڈاکٹر شاہد خٹک نے شاندار تقریب کے انعقاد پر سی ایل ایس سوسائٹی کے ممبران کو مبارک باد پیش کی اور آئندہ کے لیے بھی اپنی جانب سے مکمل سرپرستی کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ادارہ قرأت و نعت سمیت دیگر شعبوں میں بھی طلبہ و طالبات کی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرتا رہے گا۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی طاہر منیر اعوان صدر تقریب پروفیسر ڈاکٹر شاہد خٹک اور مہمان اعزاز دانیال الیاس نے کامیاب طلباء و طالبات اور ججز میں شیلڈز ، سووینئرز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات