کوئٹہ تفتان شاہراہ پرخوفناک حادثے میں جان بحق تین افراد کا خون معاف کردیا گیا

جمعہ 25 اپریل 2025 17:50

نوکنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) کوئٹہ تفتان شاہراہ پرخوفناک حادثے میں جان بحق تین افراد کا خون معاف کردیا گیا تفصیلات کیمطابق رمضان المبارک سے ایک دن قبل تفتان ٹو نوکنڈی روڈ پر المکہ کوچ کی ٹکر سے سیدکلانی قبیلے کے نوجوان زابد شاہ کلانی، خلیل جان سیدکلانی اور محمد زئی قبیلے کے نوروز خان محمد زئی جان بحق ہوگئے تھے۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد آج تفتان سے کوئٹہ جانے والے روٹ کے ٹرانسپورٹرز اور المکہ کوچ کے مالک حاجی خداداد شاہوانی، حاجی عبدالمالک محمد حسنی، حاجی افضل شاہوانی، حاجی نادر خان بادینی، مولوی دوست محمد، حاجی نبی بخش بادینی، محمود بادینی اور عبدالستار نے نوکنڈی کے قبائلی عمائدین حاجی امان اللہ مینگل، مفتی خلیل الرحمن محمد حسنی، حاجی رفیق ساسولی، اور مولوی عبدالخالق حقانی کے ہمراہ بلوچی رسم و رواج کے مطابق میڑھ لے کر سیدکلانی ہاؤس تشریف لائے جہاں حاجی عبدالرحمن سیدکلانی، حاجی ملک محمد اعظم محمد زئی، استاد حبیب سیدکلانی، احمد سیدکلانی، حاجی تاجل شاہ سیدکلانی، سردار شہباز محمد زئی، حفیظ اللہ سمالانی اور دیگر نے انہیں بیا بخیر کیا اس موقع پر حادثے میں شہید ہونے والے نوجوانوں کے ورثاء ، خصوصاً حاجی عبدالرحمن سیدکلانی اور محمد زئی قبیلے کے سردار حاجی ملک محمد اعظم محمد زئی نے روایتی بلوچی اقدار اور اسلامی جذبے کے تحت کوچ ڈرائیور کو معاف کر دیا۔

(جاری ہے)

ورثاء نے کہا کہ اگرچہ یہ واقعہ ڈرائیور کی غفلت کا نتیجہ تھا، مگر نوکنڈی کے عوام ہمیشہ سے درگزر اور قبائلی بھائی چارے کی مثال قائم کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو تنبیہ کی کہ آئندہ ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین کا سختی سے پابند بنایا جائے تاکہ ایسے المناک واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔اخر میں اجتماعی دعائے خیر ہوا، جس میں شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے صبر اور آئندہ کے لیے حفاظت کی دعائیں کی گئیں۔