حکومت سندھ ملیریا کی روک تھام کیلئے بھرپوراقدامات کر رہی ہے، وزیر اعلی سندھ

جمعہ 25 اپریل 2025 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ ملیریا مچھر سے پھیلنے والی خطرناک بیماری ہے اور حکومت سندھ ملیریا کی روک تھام کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔جمعہ کو ترجمان وزیر اعلی سندھ کے مطابق یہ بات انہوں نے ملیریا کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلی ہائوس سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں کہی۔

انہوں نے ملیریا کی روک تھام اوراس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے سندھ حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملیریا ایک مچھر سے پھیلنے والی خطرناک بیماری ہے اور اس کے خاتمے کیلئےعالمی دن "Zero Malaria Starts with Me" اور "Ready to Beat Malaria" کے تھیم کے تحت پوری دنیا میں کوششیں کی جا رہی ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ بھر میں 3541ہیلتھ پروفیشنلز ملیریا کی تشخیص اور اس کے علاج کیلئے کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سیلاب متاثرہ علاقوں خاص طور پر ضلع قمبر کے تعلقہ نصیر آباد میں ایک لاکھ مچھر دانیاں تقسیم کی گئی ہیں تاکہ عوام کو ملیریا سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ملیریا اور ڈینگی کیسز میں 45فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ سندھ حکومت کی صحت عامہ کی پالیسیوں اوراقدامات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول ہی صحت مند معاشرت کی بنیاد ہے اور ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھے۔

انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند معاشرہ ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے سندھ حکومت صحت عامہ کے میدان میں نمایاں کامیابیاں سمیٹ رہی ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے اس پیغام کے ذریعے عوام کو آگاہ کیا کہ ماحول کو صاف رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے اور ہمیں اس جنگ میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے تاکہ ملیریا جیسے خطرات سے بچا جا سکے۔