خیبر پختونخوا کے چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال منصوبے کو نئے نہری منصوبوں سے نتھی کرنے سے گریز کیا جائے،بیرسٹرسیف

جمعہ 25 اپریل 2025 19:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے وفاقی حکومت سے کہا ہے کہ نہروں کے معاملے پر سیاست سے گریز کرتے ہوئے ملک کے چھوٹے صوبوں کے مفادات کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ شکر ہے کہ نہروں کے معاملے پر دو سیاسی ڈرامہ باز پارٹیوں کی نورا کشتی فی الحال ختم ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں خیبر پختونخوا کے چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال منصوبے کو نئے نہری منصوبوں سے نتھی کرنے سے بھی گریز کیا جائے۔ چشمہ رائٹ بینک کینال (لفٹ کم گریویٹی منصوبہ کی منظوری 1991 میں مشترکہ مفادات کونسل نے دی تھی اور مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کی روشنی میں تینوں صوبوں میں نہریں نکالی گئیں تاہم خیبر پختونخوا میں تاحال اس منصوبے پر عملدرآمد نہیں ہو سکا، خیبر پختونخوا نے 35 فیصد فنڈنگ کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے مزید کہا کہ نہروں کے نئے تنازعے میں چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کو متنازعہ بنانے کی بھرپور مخالفت کی جائے گی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خیبر پختونخوا کو محرومی کا شکار بنایا ہے۔ یہ منصوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کی لاکھوں ایکڑ بنجر زمین کو آباد کرنے کا ذریعہ بنے گا۔