پنجاب آئی ٹی بورڈ اور سیالکوٹ انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان ای روزگار مراکز قائم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت

جمعہ 25 اپریل 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) پنجاب آئی ٹی بورڈ اور سیالکوٹ انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان ای روزگار مراکز قائم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت طے پا ئی گئی۔ ای روزگار مراکز سے نوجوانوں کو فری لانسنگ اور کیریئر بلڈنگ کیلئے درکار ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔ ایم او یو پر پی آئی ٹی بی ڈائریکٹر جنرل ای گورننس ساجد لطیف اور ڈائریکٹر سیالکوٹ انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ایاز احمد صدیقی نے دستخط کیے۔

اس موقع پر پی آئی ٹی بی ڈائریکٹر سکلز ڈویلپمنٹ وِنگ احمد اسلام اور پرنسپل سیالکوٹ انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حماد احمد بھی شریک تھے۔ ای روزگار 2.0 پی آئی ٹی بی کے فلیگ شپ منصوبے کا جدید پروگرام ہے جس کا مقصد ملک بھر کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل سکلز سے لیس کرکے انہیں خود کفیل بنانا ہے۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے تحت سرکاری اور نجی تعلیمی و تربیتی اداروں کے اشتراک سے نوجوانوں کو فری لانسنگ اور دیگر جدید ڈیجیٹل سکلز سکھائی جاتی ہیں تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں اور عالمی مارکیٹ میں مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ یہ اشتراک پاکستان میں ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ اور نوجوانوں کو عالمی معیار کے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے جو نہ صرف نوجوانوں کو خودمختار بنائے گا بلکہ ملکی معیشت کو بھی مستحکم بنیاد فراہم کرے گا۔