وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات کی آئی ایم ایف ۔ورلڈ بینک سپرنگ میٹنگز کے موقع پر انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات

ہفتہ 26 اپریل 2025 10:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف – ورلڈ بینک سپرنگ میٹنگز کے موقع پر انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی )کے منیجنگ ڈائریکٹر مختار دیوپ اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی ہے۔وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ خزانہ نے مارچ 2025 میں پاکستان کے دورے پر مختار دیوپ سے اظہار تشکر کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفد کو پاکستان کے مضبوط معاشی اشاریوں اور فچ کی جانب سے حالیہ کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے آگاہ کرتے ہوئے اسے حکومت کی کامیاب اصلاحاتی کوششوں کا بین الاقوامی اعتراف قرار دیا۔وزیرِ خزانہ نے ریکوڈک منصوبے کے لیے آئی ایف سی کی معاونت کو سراہا اور کراچی ایئرپورٹ کے لیے مشاورتی کام میں تیزی لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے آئی ایف سی کے منیجنگ ڈائریکٹر سے اتفاق کیا کہ ذیلی سطح کی حکومتوں پر توجہ دی جائے اور ان کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے تاکہ ترقیاتی اہداف کے حصول میں بہتری لائی جا سکے۔