Live Updates

مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر کی قیادت میں پاکستان زندہ باد، بھارت و اسرائیل مردہ باد ریلی

پاکستانی قوم متحد ،افواج کے شانہ بشانہ ہے ،بھارت نے مہم جوئی کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا جائیگا ‘ ریلی کے شرکاء سے خطاب

ہفتہ 26 اپریل 2025 13:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر کی قیادت میں پاکستان زندہ باد، بھارت و اسرائیل مردہ باد ریلی نکالی گئی ، کھوکھر پیلس جوہر ٹائون سے ایوب چوک تک نکالی گئی ریلی کے شرکاء سارے راستے پاک افواج اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حق میں اور بھارت و اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔

ریلی کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ پاکستانی قوم متحد اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہے ،بھارت نے کسی طرح کی مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ طاس معاہدے کو بھارت کسی طورپر بھی یکطرفہ ختم نہیں کر سکتا ، اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو پاکستان بھی انتہائی اقدام سے گریز نہیں کرے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے اگر ملک کو ایٹمی صلاحیت سے لیس نہ کیا ہوتا تو خدانخواستہ آج بھارت اپنے نا پاک عزائم میں کامیاب ہو چکا ہوتا ، ایٹمی صلاحیت کا حامل ملک ہونے کی وجہ سے بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ضرورت پڑنے پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔ اس موقع پر فلسطینیوں سے بھی بھرپور اظہار یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی گئی ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات