Live Updates

بانڈی پورہ ، نوجوان کے حراستی قتل کیخلاف شدید احتجاج

بھارتی فورسز کی فائرنگ سے متعدد مظاہرین زخمی، حریت کانفرنس کی مذمت

ہفتہ 26 اپریل 2025 13:55

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھو ں ایک نوجوان کے دوران حراست قتل کے خلاف سینکڑوں لوگ احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکل آئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے الطاف لالی نامی نوجوان کو گھر سے گرفتار ی کے بعد جمعہ کے روز ضلع کے علاقے کلنار میں ایک جعلی مقابلے میںشہید کیا ۔

شہید نوجوان کے اہل خانہ نے بتایاکہ فوجیوں نے لطاف کو واقعے سے دو روز قبل گھر سے اٹھایا تھا۔ الطاف کے بہیمانہ قتل کی خبر پھیلتے ہی اسکے آبائی علاقے اجس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شدید احتجاج اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کا رروائی کا مطالبہ کیا۔ بھارتی فورسز اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے اور گولیاں چلائیں جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں نوجوان کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت جعلی مقابلوں کے ذریعے کشمیریوں کو ایک ایک کرکے ختم کرنے کی سامراجی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے مکانات اور دیگر املاک کی جاری مسماری مہم کی بھی مذمت کی اور اسے کشمیری مسلمانوںکو بے گھر کرنے اور علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی مودی حکومت کی مذموم پالیسی کا حصہ قرار دیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات