عازمین حج جعلی پرمٹ سے ہوشیار رہیں، صرف مستند حج اجازت نامہ کے ساتھ سعودی عرب کا سفر کریں ، وزارت مذہبی امور

ہفتہ 26 اپریل 2025 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی پرمٹ سے ہوشیار رہیں ، صرف مستند حج اجازت نامہ کے ساتھ سعودی عرب کا سفر کریں۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کی جانب سے ہفتہ کو جاری تنبیہ کے مطابق جعلی کمپنیوں اور غیر قانونی اشتہارات اور جعلی اجازت ناموں کے ذریعے عازمین کو دھوکہ دیا جا سکتا ہے۔

عازمین حج ایسے اجازت ناموں سے ہوشیار رہیں جو جعلی اور سعودی حکام کی جانب سے تسلیم شدہ نہ ہوں۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور نے مزید کہا کہ جعلی اجازت نامے عازمین حج کے لیے مشکلات کا سبب بن جائیں گے، جعلی اجازت ناموں کے استعمال پر سعودی حکام کی جانب سے سخت سزائیں مقرر ہیں۔ترجمان وزارت مذہبی امور نے مزید کہا کہ جعلی اجازت ناموں پر عازمین کو حراست میں لیا جانا، جرمانے اور ملک بدری شامل ہے ،سعودی قوانین کی خلاف ورزی پر منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں کے مقدس مقامات میں داخلے سے روک دیا جائے گا ۔

وزارت نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی اور غیر مستند حج پیکیج کے لیے ادا کی گئی رقم واپس نہیں ملے گی ۔وزارت مذہبی امور نے کہا کہ حج کی قبولیت اور فیوز و برکات کے لیے ضروری ہے کہ سعودی قوانین کا احترام کیا جائے۔