پی ایچ اے ملتان کے درجہ چہارم کے ملازمین کی مالی مشکلات کو کم کرنے کیلئے آسان قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے ، ڈی جی پی ایچ اے ملتان

ہفتہ 26 اپریل 2025 15:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (ڈی جی پی ایچ اے ) ملتان کریم بخش نے کہا ہے کہ پی ایچ اے ملتان کے درجہ چہارم کے ملازمین کی آسان قرضہ سکیم کے ذریعے مالی معاونت کی جا رہی ہے۔ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں شاہ شمس پارک میں آسان قرضہ سکیم کے لئے قرعہ اندازی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پی ایچ اے کے درجہ چہارم کے 40 ملازمین کی قرعہ اندازی کی گئی جن میں سنیٹری ورکرز،مالی،نائب قاصد اور سیکورٹی گارڈز شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ملازمین کو گھر کے مرمتی کام اور ذاتی سواری موٹر سائیکل خریدنے کے لئے پچاس ہزار روپے قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے،قرعہ اندازی کے ذریعے 20لاکھ سے زائد رقم آسان قرضہ کی صورت میں 40خوش نصیبوں کو دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ایچ اے ملتان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے گرین ویژن کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں ،کمشنر ملتان ڈویژن شہراولیاء کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے پُر عزم ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے،شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیئے مالی،سیکورٹی گارڈ ز اور سوئیپرز گراں قدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں،آسان قرضہ سے ملازمین کو بھرپور مالی معاونت حاصل ہوگی،ملازمین کو گھر کی مرمت اور موٹر سائیکل خریدنے کے لئے آسانی ہوگی،ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے ایسے مثبت اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔