Oڈیرہ مراد جمالی سے منتخب نمائندے یزید بن چکے ، قلت آب کے باعث عوام مشکلات سے دوچار ہیں، ازالہ نہ کیا گیا تو عوام کے ساتھ ملکر شدید احتجاج کریں گے، میر بالاچ خان ڈومکی

ہفتہ 26 اپریل 2025 18:20

ض ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2025ء) ممتاز قبائلی رہنما میر بالاچ خان ڈومکی نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ڈیرہ مراد جمالی میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اس جھلستی گرمی میں پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہو کر بدترین اذیت سے گزر رہے ہیں مگر بدقسمتی سے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور علاقے کے صوبائی وزیر کی مجرمانہ غفلت نے عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے اپنے جاری ایک بیان میں میر بالاچ خان ڈومکی نے کہا کہ یہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مکمل طور پر کرپشن، نااہلی اور سیاسی مداخلت کا شکار ہو چکا ہے، جہاں عوام کی فریاد سننے والا کوئی نہیں۔

(جاری ہے)

میر بالاچ خان ڈومکی نے خاص طور پر ڈیرہ مراد جمالی سے منتخب ہونے والے صوبائی وزیر آبپاشی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موصوف جو آج صوبائی کابینہ کا حصہ ہیں اقتدار کے نشے میں چور ہو کر عوامی مسائل سے مکمل طور پر لاتعلق ہو چکے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ نام نہاد نمائندہ جس نے عوامی ووٹوں کے سہارے وزارت حاصل کی اب یزیدِ وقت بن کر اپنے ہی عوام کے ساتھ بدترین ظلم روا رکھے ہوئے ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر آبپاشی صرف اپنے ذاتی مفادات، ٹھیکوں، کمیشنوں اور اپنی کرسی بچانے میں مصروف ہیں جبکہ عوام صاف پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں میر بالاچ خان ڈومکی نے کہا کہ یہ عوام دشمن حکمران نہ صرف اپنی ذمے داریوں سے فرار اختیار کر رہے ہیں بلکہ مظلوم عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں انہوں نے وارننگ دی کہ اگر فوری طور پر ڈیرہ مراد جمالی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی نہ بنایا گیا تو عوامی ردعمل ایسا شدید ہوگا جسے روکنا کسی کے بس میں نہیں رہے گا انہوں نے حکومتِ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں اصلاحات کی جائیں، عوام دشمن وزرا بالخصوص صوبائی وزیر آبپاشی کو برطرف کیا جائے، اور عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ورنہ حالات کی سنگینی کی مکمل ذمہ داری حکومت اور اس کے کرپٹ نمائندوں پر عائد ہوگی۔