Live Updates

وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت اہم اجلاس،لاہور اسلام آباد ہائی سپیڈ ٹرین منصوبے پر بریفنگ

لاہور سے روانہ ہونے والی ٹرین لالامٴْوسیٰ، دینا، گوجرخان سے گزرتے ہوئے راولپنڈی پہنچے گی، رپورٹ

ہفتہ 26 اپریل 2025 18:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت لاہور اسلام آباد ہائی سپیڈ ٹرین اور پنجاب کے چھ اہم راستوں کی اپ گریڈیشن پر ایک تفصیلی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے شرکت کی اور منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں لاہور اسلام آباد ہائی سپیڈ ٹرین کے فاصلے کو موجودہ 4 گھنٹے سے کم کر کے 2 گھنٹے 45 منٹ تک لانے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

یہ منصوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کا ویڑن ہے اور اس کے ذریعے پاکستان ریلویز کی خدمات میں مزید بہتری لائی جائے گی۔پنجاب حکومت اور پاکستان ریلویز کے درمیان مضبوط شراکت داری کا عزم ظاہر کیا گیا اور اہم مہادوں پر بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور سے روانہ ہونے والی ٹرین لالامٴْوسیٰ، دینا، گوجرخان سے گزرتے ہوئے راولپنڈی پہنچے گی۔

اسی طرح کالووال-پندورا سیکشن کی دوبارہ ترتیب اور ٹریک کو ڈبل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اس منصوبے سے لاہور اور راولپنڈی کے درمیان ٹرینوں کی تعداد 120 تک بڑھا دی جائے گی، جس سے نہ صرف سفر کی سہولت میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹرانسپورٹیشن کا معیار بھی بہتر ہو گا۔ اس کے علاوہ، تمام پلوں کی دوبارہ تعمیر، اسٹیشن یارڈز کی ری ماڈلنگ اور دیگر ضروری اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

وزیر مریم اورنگزیب نے اس منصوبے کو عوام کے لیے بہترین تحفہ قرار دیا اور وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی کے اقدامات کی بھرپور پذیرائی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے پاکستان ریلویز کے تمام لیول کراسنگ کی منظوری دے دی گئی ہے اور یہ اقدامات پی ایس ڈی پی میں شامل کیے گئے ہیں۔پی ایچ اے نے کوٹ لکھپت سے شاہدرہ تک تمام ریلوے ٹریکس کو گرین بیلٹ میں تبدیل کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی لاہور سے راولپنڈی تک تمام اسٹیشنز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر شاہد تارڑ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور سیکرٹری ریلویز بھی موجود تھے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات