فرانسیسی سفارت خانہ اور والڈ سٹی کے زیر اہتمام فرانسیسی جنرل جین فرانسو الارڈ کے مقبرہ پر خصوصی پروگرام کا انعقاد

ہفتہ 26 اپریل 2025 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) فرانسیسی سفارت خانہ، حکومت پنجاب اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے تعاون سے انارکلی میں واقع فرانسیسی جنرل جین فرانسو الارڈ کے مقبرہ پر ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔پروگرام کا عنوان ''مہاراجہ رنجیت سنگھ کی خدمت میں فرانسیسی افسران" تھا۔فرانسیسی جنرل جین فرانسو الارڈ جو کہ نپولین کے دور کی فرانسیسی فوج سے رخصت ہو کر مہاراجہ رنجیت سنگھ کی فوج میں شامل ہوگئے تھے ۔

انہوں نے تا حیات مہاراجہ رنجیت سنگھ کی فوج میںخدمات انجام دیں۔ اس موقع پر شرکا کو یہ جاننے کا موقع ملا کہ فرانسیسی اور دیگر غیر ملکی افسران نے انیسویں صدی میں پنجابی فوج کو جدید بنانے میں کس طرح مدد دی ۔ تقریب سے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز میں آرٹ اور آرکیٹیکچرل ہسٹری کی ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹر ندرہ شہباز خان نے کلیدی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

وہ سکھ فن اور طرزِ تعمیر پر اپنی ایوارڈ یافتہ تحقیق کے لیے مشہور ہیں۔ ڈاکٹر ندرہ نے لاہور قلعے اور اس کی سکھ گیلری کے ثقافتی ورثے پر نئی اور دلچسپ معلومات شیئر کیں۔یہ کیفے کانفرنس تاریخ دانوں، ثقافتی شائقین، محققین اور عوام کے درمیان ایک یادگار صبح کے طور پر سامنے آئی جس میں فرانس اور پنجاب کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔