لاہور ہائیکورٹ، ججز اور انتظامی معاملات کے حوالے سے 34 مختلف کمیٹیاں تشکیل

ہفتہ 26 اپریل 2025 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے ججز اور عدالتی وانتظامی معاملات کے حوالے سے 34 مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دیں ۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس عالیہ نیلم سپریم کورٹ کے وکلا کے فٹنس سرٹیفکیٹ اور انرولمنٹ کمیٹی کی سربراہ ہوں گی جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس صداقت علی خان شامل ہوں گے۔

جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس محمد وحید خان کو ججز میڈیکل الائونس کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس فیصل زمان خان ہائیکورٹ و ڈسٹرکٹ ججز محکمہ امتحانات کمیٹی کی سربراہ ہوں گے انکے ساتھ جسٹس محمد وحید خان اور جسٹس سلطان تنویر شامل ہوں گے۔بار اینڈ بینچ کوآرڈینیشن کمیٹی کی سربراہی جسٹس صداقت علی خان کریں گے، جبکہ جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس صادق محمد خرم بھی اس کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی کارکردگی کا جائزہ لینے والی کمیٹی کی سربراہی جسٹس شہرام سرور چوہدری کریں گے کمیٹی کے دیگر ارکان میں جسٹس عاصم حفیظ اور جسٹس فاروق حیدر شامل ہوں گے۔لاہور ہائیکورٹ رولز اینڈ آرڈر کمیٹی کی سربراہی جسٹس شمس محمود مرزا کریں گے، جسٹس شاہد کریم اور جسٹس انوار حسین کمیٹی کے دیگر ارکان ہوں گے۔