وزیر اعلیٰ بلوچستان نے زیر علاج بچے آریان کے تمام اخراجات ادا کر دیئے ہیں، ترجمان شاہد رند

ہفتہ 26 اپریل 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہسپتال میں زیر علاج انتقال کرجانے والے بچے آریان کی والدہ کی اپیل کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کردی ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق حکومت بلوچستان نے انڈین ہسپتال میں آریان کے علاج معالجے کے تمام اخراجات ادا کر دیئے ہیں ،شاہد رند نے مزید بتایا کہ حکومت بلوچستان نے آریان کی میت اور لواحقین کی پاکستان واپسی کے لئے وزارت خارجہ سے رابطہ کرلیا ہے، اس ضمن میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ،ترجمان کے مطابق آریان کی میت کی واپسی سمیت لواحقین کی سفری سہولیات کے لئے تمام فضائی اخراجات بھی حکومت بلوچستان اپنی ذمہ داری پر ادا کررہی ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان لواحقین سے مسلسل رابطے میں ہے اور ان کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جارہی ہے تاکہ اس مشکل وقت میں انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے آریان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے۔ انہوں نے صوبائی حکام کو ہدایت کی ہے کہ آریان کی میت اور لواحقین کی وطن واپسی تک تمام مراحل میں مکمل رہنمائی اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔