Live Updates

2019میں پانچ ماہ فضائی حدود بند ہونے سے بھارت کی ایئرلائنز کو 8کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا تھا

اتوار 27 اپریل 2025 12:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)پاکستان کی طرف سے اپنی فضائی حدود بند کرنے کے فیصلے سے بھارت کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، 2019میں پاکستان کی جانب سے فضائی حدود بند کرنے کے اعدادوشمار بھی سامنے آ گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2019میں کشیدگی کے بعد پاکستان نے تقریباً پانچ ماہ فروری تا جولائی بھارتی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھی جس سے بھارت کی قومی ایئر لائن ایئر انڈیا سمیت دیگر انڈین ایئرلائنز کو بڑا مالی نقصان ہوا تھا۔

۔2019 میں بھارت کے وزیر ہوا بازی ہردیپ سنگھ پوری نے پارلیمان کو بتایا تھا کہ ایئر انڈیا، سپائس جیٹ، انڈیگو اور گو ایئر جیسی انڈین ایئرلائنز کو پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے 8کروڑ ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ایئر انڈیا کو 491 کروڑ، انڈیگو کو 25.1 کروڑ، سپائس جیٹ کو 30.73 کروڑ اور گو ایئر کو 2.1 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ۔فضائی حدود کی بندس سے سفر کا دورانیہ بھی بڑھا، صارفین کے لیے ٹکٹیں مہنگی ہوئیں اور ایئر ٹریفک کنٹرولرز پر بوجھ بڑھا تھا۔

اس دوران بین الاقوامی ایئرلائنز کی پروازیں بھی متاثر ہوئی تھیں اورامریکی کمپنی یونائیٹڈ ایئرلائنز نے فضائی حدود کی پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے امریکہ سے دہلی اور ممبئی کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی تھیں۔دوسری جانب 2019 کو اس وقت کے پاکستان کے وزیر ہوا بازی کے مطابق فروری سے جولائی تک فضائی حدود کی پابندی سے پاکستان سول ایوی ایشن کو بھی آمدن کی مد میں8.5 ارب روپے کا نقصان ہوا تھا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات