Live Updates

پہلگام واقعے کی آڑ میں کشمیریوں کے گھروں کو مسمار اورنوجوانوں کو گرفتار کرنے کی شدید مذمت

مودی حکومت اس طرح کی ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کو بے گھر اورہراساں کر رہی ہے

اتوار 27 اپریل 2025 13:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے مودی کی زیر قیادت بھارت کی ہندتوا حکومت کی طرف سے پہلگام واقعے کی آڑ میں حریت پسند کشمیریوں کے گھروں کو مسمار کرنے اورہزاروں بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت اس طرح کی ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کو بے گھر اورہراساں کر رہی ہے تاکہ انہیں بھارت کی غلامی تسلیم کر نے پر مجبورکیاجاسکے۔

بیان میں کہاگیا کہ واقعہ پہلگام افسوسناک ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ تاہم اس المناک واقعے کو کشمیری عوام کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا اور ان کے گھروں کو تباہ کرنا انتہائی قابل مذمت اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

یہ اقدام بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ، انسانی حقوق کی سنگین پامالی اورکشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔

بیان میں کہاگیا کہ مودی حکومت کی یہ پالیسی مقبوضہ جموں و کشمیر میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنے اور حق خود ارادیت کے لئے کشمیریوں کی جائز آواز کو دبانے کی مذموم کوشش ہے۔بیان میں کہاگیاکہ ہزاروں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری اور انہیں عقوبت خانوں میں ڈالنا ایک ایسا عمل ہے جس سے نہ صرف ان کے اہل خانہ اذیت کا شکار ہیں بلکہ پوری کشمیری قوم میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

بیان میں اقوام عالم اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی گئی کہ وہ بھارتی حکومت کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کو روکنے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ بیان میں خبردار کیاگیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں مزید تاخیر دنیا کے امن کے لیے انتہائی خطرناک ہے اوراس سے خطے میں ایٹمی جنگ کا خطرہ ہر وقت منڈلاتا رہیگا۔

بیان میں عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ ،زاہد اشرف ، زاہد صفی اوردیگر نے حق خودارادیت کے حصول کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اپنے بیانات میں کہاکہ کشمیری عوام بھارتی جبر و استبداد کے سامنے کبھی ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کرے اور انہیں ان کا بنیادی حق دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات