Live Updates

امان اللہ خان کوان کی نویں برسی پر لبریشن فرنٹ کاخراج عقیدت

اتوار 27 اپریل 2025 16:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے اپنے سپریم کمانڈر امان اللہ خان کو ان کی 9ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جے کے ایل ایف کے ترجمان محمد رفیق ڈار نے مظفرآباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ امان اللہ خان ایک عظیم انقلابی رہنما تھے جنہوں نے اپنی انتھک سیاسی و سفارتی کوششوں اور پختہ سیاسی و نظریاتی سوچ سے کشمیر کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نے امان اللہ خان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے کشمیر کاز کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید اشفاق مجید وانی، شہید شیخ عبدالحمید، شہید ڈاکٹر عبدالاحد گورو اور شہید شبیر صدیقی سمیت لبریشن فرنٹ کے درجنوں رہنمائوں اور ہزاروں کارکنوں نے کشمیر کی آزادی کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک سمیت ہزاروں کشمیری آج بھی بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیرکی جیلوں میں نظر بند ہیں۔رفیق ڈار نے کہا کہ امان اللہ خان کی 9ویں برسی کے موقع پر جے کے ایل ایف اوراسٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے رہنما اور کارکنان انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دنیا بھر میں تقریبات کا انعقاد کر رہے ہیں۔دریں اثنا ء رفیق احمد ڈار نے سرینگر کے ڈائون ٹائون علاقے سے تعلق رکھنے والے شہید محمد یاسین عرف بلال دھوبی کو بھی ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کے لئے ان کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات