Live Updates

م* مودی پہلگام فالس فلیگ کے ذریعے سیاسی مفادات حاصل کرنا چاہتا ہے،رانا تنویر حسین

پاکستان ایٹمی قوت ہے اور بری نیت سے اس کی طرف آنکھ اٹھانے والا مدتوں یاد رکھے گا،وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق

اتوار 27 اپریل 2025 21:40

!مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2025ء)وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مودی پہلگام فالس فلیگ کے ذریعے سیاسی مفادات حاصل کرنا چاہتا ہے مگر یہ جنگی جنون اس کے لیے بہت مہنگا ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے اور بری نیت سے اس کی طرف آنکھ اٹھانے والا مدتوں یاد رکھے گا۔رکن قومی اسمبلی انجینئر رانا احمد عتیق انور ، سابق چیئرمین بلدیہ میاں شبیر احمد، سابق چیئرمین مارکیٹ کمیٹی رانا حسیب عامر ، ملک ندیم محمود چوہان، سید اعجاز شیرازی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ پہلی بار امریکہ نے پاک بھارت کشیدگی پرنیوٹرل رہنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا جان چکی ہے پہلگام واقعہ میں پاکستان شامل نہیںہے اور مودی حکومت ہمیشہ کی طرح جھوٹا واویلا کرکے پاکستان پر الزام عائد کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہم پہلگام واقعہ کی مذمت کرکے اس کی غیرجانبدار انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی پوزیشن بہتر ہے اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار دوست ممالک سے رابطے میں ہیں جوکسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان کا ساتھ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 24 کروڑ عوام افواج اور اداروں کے ساتھ ہیں مگر بدقسمتی سے بانی پی ٹی آئی آج بھی دشمن کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کی پارٹی نے پاکستان کو سری لنکا بنانے کی بھر پور کوشش کی جبکہ معاشی طور پر کمزور کرنے کے لیے دیگر ممالک کو خط لکھے ۔ عمران خان سے ملاقات اور سیاسی مشاورت کے سوال پررانا تنویر حسین نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی قوم اور ملکی سلامتی کا مسئلہ ہے سیاسی نہیں جس پر بانی کی منتیں کی جائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہومگر پی ٹی آئی ملک دشمنوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔پی ٹی آئی کے سیاسی کردار کے حوالے سے رانا تنویر حسین نے کہا کہ قوم کی آنکھیں کھولنے کے لیے اس پارٹی کو سیاسی میدان فراہم کیا اور اب عوام ان کی حقیقت جان چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا سیاسی کردار ختم ہوچکا ہے جنہوں نے ہمیشہ پاکستان اور اداروں کو کو کمزور کیا۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ 2018 میں نااہل ٹولے کو حکومت دلائی گئی،اللہ کا شکر ہے جس نے اس ٹولے سے جلد نجات دلائی، عدم اعتماد کے ذریعے اس حکومت کا خاتمہ نہ ہوتا تو آج پاکستان بہت کمزور ہو چکا ہوتا۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کا وطیرہ اداروں اور معیشت کو کمزور کرنا ہے، قوم دشمن کو پہچان کر ایسے عناصر سے دور رہے۔ سرحدی کشیدگی کی صورت حال پر ملک میں غذائی ضروریات کے حوالے سے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر سطح پر اپنی مکمل تیاری میں ہے اور ہمیں کسی قسم کی غذائی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات