اسلام آباد میں تاجکستان کے سفارتخانے کی جانب سے سالانہ جشن نوروز کی تقریب کا اہتمام،مختلف ممالک کے سفارتکاروں،سفیروں اورمیڈیانمائندوں کی شرکت

اتوار 27 اپریل 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) اسلام آباد میں ڈپلومیٹک کور کے ڈین اور سفیروں نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں تاجکستان کے سفارتخانے کی جانب سے سالانہ جشن نوروز نے اقوام کے درمیان امن اور دوستی کا پیغام دیا جس سے تہذیبوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملتا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو اسلام آباد میں تاجکستان کے سفارتخانہ کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی نوروز میلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اسلام آباد میں ڈپلومیٹک کور کے ڈین اور ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولاموف نے کہا کہ ’نوروز‘ صدیوں سے نہ صرف وسطی ایشیا بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں منایا جاتا ہے اور یہ تہوار تمام ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے،انہوں نے کہا کہ نوروز کا تہوار کسی مخصوص خطے کا نہیں بلکہ انسانیت کا ورثہ ہےجو کہ مشترکہ خوشیوں کا موقع ہے، ملکوں اور خطوں کی سرحدوں کو عبور کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوروز ترکمانستان میں بھی منایا جاتا ہے اور اس موقع پر مختلف تقریبات ہوتی ہیں جو لوگوں کو باہمی خوشیاں فراہم کرتی ہیں۔سفیر نے کہا کہ دنیا میں تہوار، ادب اور زبانیں روایات اور ثقافتوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے اور باہمی مکالمے کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔دریں اثنا پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری موغادم نے کہا کہ میں تاجکستان کے سفارت خانے اور سفیر شریف زادہ یوسف طاہر اور ان کے ساتھیوں کی قابل قدر کوششوں پر تہہ دل سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ نوروز دوستی، اور پرامن بقائے باہمی کے سب سے قدیم اور سب سے زیادہ قابل احترام جشن کے طور پرجانا جاتا ہے، یہ ایک پائیدار روایت ہے جسے ہمارے آباؤ اجداد نے وسیع سرزمین پر چین کی سرحدوں سے آگے بحیرہ روم کے ساحلوں اور اس سے بھی دور تک پھیلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جشن کسی خاص قوم یا لوگوں کا خصوصی ورثہ نہیں ہے بلکہ یہ پوری انسانیت کا مشترکہ ثقافتی خزانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قدیم ایرانیوں نے نوروز کا جشن منا کر نئے سال کے آغاز کو شمالی نصف کرہ کے اہم ترین قدرتی مظاہر، بحری مساوات اور فطرت کی تجدید کے ساتھ ہم آہنگ کیا ہے۔ایلچی نے کہا کہ یہ بات دلچسپ ہے کہ پاکستان میں ’نوروز‘ کو ’عالم افروز‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ’دنیا کو روشن کرنے والا دن‘۔انہوں نے کہا کہ یہ تہوار یہ اعلان کرنے کے لیے بڑے فخر کا باعث ہے کہ ان نمایاں خصوصیات کے اعتراف میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2010 میں 21 مارچ کو نوروز کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا۔

تاجکستان کے سفارتخانے میں بھی بین الاقوامی یوم نوروز کی مناسبت سے آرٹ اور ثقافتی دستکاری کی عظیم الشان نمائش کا انعقاد کیا گیا۔فیسٹیول میں مختلف ممالک کے سفیروں، سفارت کاروں، سرکاری ملازمین، تاجر رہنمائوں کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔