Live Updates

پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر لگانے کے بجائے پہلے چوکیدار سے پوچھ گچھ کرنی چاہیے، بھارتی سادھو

اتوار 27 اپریل 2025 22:50

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) ایک بھارتی ہندو سادھو کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں انہیں پہلگام معاملے پرمودی حکومت کو انتہائی آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے دیکھاجاسکتاہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سادھو اپنے بیان میں سوال اٹھاتاہے کہ اگرہمارے گھرمیں کوئی واردات ہوتی ہے تو ہم سب سے پہلے چوکیدار کو پکڑتے ہیں اور اس سے پوچھتے ہیں کہ تمارے ہوتے ہوئے کیوں یہ واردات ہوئی ،ہم نے تمہیں کس لیے رکھا ہوا ہے ؟لیکن پہلگام کے معاملے میں ایسا نہیں ہوا ،اگر چوکیداری کی ہوتی اور چوکیدار اپنے کام میں پکا ہوتا تو ایسانہ ہوتا۔

چوکیدارکواگرکوئی واردات کے وقت مار بھی دے تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ اس نے اپنی ذمہ دار نبھائی، لیکن یہاں تو کسی کو کچھ پتہ ہی نہیں ، کسی نے حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش ہی نہیں کی، یہاں توچوکیدارکے بارے میں کوئی سوال ہی نہیں کررہا۔

(جاری ہے)

آپ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کی سرزمین سے آئے تھے، یہ بات آپ کواتنی جلدی کیسے پتہ چل گئی اور اگر پتہ چل ہی گئی توواقعہ رونما ہونے سے پہلے کیوں نہیں پتہ چلی۔

چلو مان لیتے ہیں کہ پاکستان سے آئے تھے تو اسکے خلاف کارروائی کیجئے ،آپ کہہ رہے ہیں کہ ہم سندھ دریا کا پانی روک دیں گے ، آپ کے پاس تو پانی روکنے یا دریا کا رخ موڑنے کا کوئی حل ہی نہیں ہے ،ہم نے کئی ماہرین سے اس بارے میں پوچھا ، انکا تویہ کہنا ہے کہ ہمارے پاس اسکا کوئی حل نہیں ، اگرہم آج سے ہی اس پرکام شروع کر دیں ، روزدن رات کام کریں اور بے تحاشاپیسہ لگائے توبھی اس میں20 برس لگیں گے اورپھرہم پانی روک پائیں گے۔

اس صورتحا ل میں ہم کہہ رہے کہ ہم پانی روک دیں گے،ہمارے ٹی وی اینکر بھڑکیں مار رہے ہیں کہ پاکستان بوندبوندکو ترسے گا، ایک گلاس پانی بھی اسے نہیں ملے گا،اسکے کھیت سوکھ جائیں گے ،یہ ہو جائے گا ،وہ ہو جائے گا، یہ اینکر تو بھر پور غضب ڈھارہے ہیں لیکن ادھرماہرین کہہ رہے ہیں کہہ ہمارے پاس پانی روکنے کا کوئی حل ہی نہیں ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات