وزیر زراعت میر علی حسن زہری کی سکھر میں نثار احمد کھوڑو پر حملے اور روڈ بلاک کرنے کے واقعے کی مذمت

اتوار 27 اپریل 2025 23:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء) صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو پر سکھر میں ہونے والے حملے اور ان کا راستہ روکنے کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسند عناصر نے نثار احمد کھوڑو کا راستہ روک کر اپنی سیاسی تربیت کا مظاہرہ کیا ہے اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کسی کارکن کی ایسی تربیت نہیں ہے ہم نے ہمیشہ جمہوری اقدار، بردباری اور سیاسی رواداری کا علم بلند رکھا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے کہا کہ ایسی حرکتیں نہ صرف سیاسی ماحول کو آلودہ کرتی ہیں بلکہ ایک غلط روایت کو جنم دیتی ہیں۔ ‘‘اگر آپ کے لیے یہ قابل برداشت نہیں کہ کل آپ کے رہنماؤں کا راستہ بند ہو، تو آج صبر کریں اور قانون و جمہوریت کا احترام کریں۔میر علی حسن زہری نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کی فوری تحقیقات کریں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔