Live Updates

محنت کش ہمارے قومی تشخص، صنعتی ترقی معاشی استحکام کا مضبوط ستون ہیں، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

پیر 28 اپریل 2025 15:43

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ محنت کش ہمارے قومی تشخص، صنعتی ترقی اور معاشی استحکام کا مضبوط ستون ہیں،ان کی صحت اور تحفظ کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کام پر حفاظت اور صحت کے عالمی دن پر لیبر یونین کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ترقی یافتہ اقوام نے اپنی افرادی قوت کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ اولین ترجیح دی ہے اور پاکستان کو بھی اسی راہ پر گامزن ہونا ہوگا۔

اس سلسلے میں لیبر یونینز کا کردار نہایت کلیدی ہے۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ محنت کشوں کی صحت و سلامتی انسانی حقوق کا بنیادی جز ہے ، ہر فرد کو کام کی ایسی جگہ میسر آنی چاہیے جو محفوظ اور صحت مند ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیبر یونینز کا کردار قابلِ تحسین ہے ، یونینز مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، مسائل کی نشاندہی اور پالیسی سازی میں اہم شراکت دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر لیبر قوانین میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے ، موجودہ قوانین میں بین الاقوامی معیار کے مطابق ترامیم کر کے ان پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ورک پلیس سیفٹی کے لیے تربیت اور حفاظتی ساز و سامان کو لازم قرار دیا جائے ، ہر فیکٹری و ادارے میں حفاظتی اقدامات، طبی سہولیات اور ایمرجنسی پلاننگ کو ترجیح دی جائے اورنیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ پالیسی 2020 پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت ہے ، یہ پالیسی مزدوروں کی فلاح کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، سول سوسائٹی اور میڈیا کی شراکت داری کی ضرورت ہے، مزدوروں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے قومی بیانیہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔

تقریب میں مختلف صنعتی اداروں، محنت کشوں کی نمائندہ تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی اظہارِ خیال کیا اور مزدوروں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات