ہائیکورٹ کا حکم امتناعی کے باوجود اٹارنی جنرل آفس کے ملازمین کا جوڈیشل الائونس روکنے پر اظہار برہمی

پیر 28 اپریل 2025 16:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے حکم امتناعی کے باوجود اٹارنی جنرل آفس کے ملازمین کا جوڈیشل الائونس روکنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے اٹارنی جنرل آفس کے ملازمین کو جوڈیشل الائونس نہ دینے کے خلاف کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ سندھ ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل آفس کے ملازمین کے حق میں فیصلہ دیا۔

(جاری ہے)

استدعا ہے کہ عدالت عالیہ بھی اسی فیصلے کی روشنی میں جوڈیشل الائونس کی ادائیگی کے احکامات صادرکرے۔عدالت نے حکم امتناعی کے باوجود ملازمین کاجوڈیشل الائونس روکنے پر سخت اظہار برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ عدالتی حکم امتناعی کے باوجود الائونس کیسے روکا گیا۔عدالت نے اسی نوعیت کی درخواستوں پر جاری عدالتی احکامات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت دو روز تک ملتوی کردی۔