Live Updates

روپیہ کمزور ہو کر 16 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گیا

کاروباری ہفتے کے آغاز پر بھی ڈالر کی اونچی اڑان جاری رہی، سٹاک مارکیٹ بھی مندی کی لپیٹ میں رہی

muhammad ali محمد علی پیر 28 اپریل 2025 18:10

روپیہ کمزور ہو کر 16 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2025ء) روپیہ کمزور ہو کر 16 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گیا ، کاروباری ہفتے کے آغاز پر بھی ڈالر کی اونچی اڑان جاری رہی، سٹاک مارکیٹ بھی مندی کی لپیٹ میں رہی۔ تفصیلات کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں آج روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 10 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث انٹربینک میں ڈالر 281 روپے 7 پیسے پر بند ہوا۔

اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 07پیسے کے اضافے سے 282روپے 78پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ بھی کاروباری ہفتے کے آغاز پر مندی کی لپیٹ میں رہی، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو کاروباری ہفتے کے آغاز پر ابتدائی طور پر سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی جو بعد میں مندی کی شکل اختیار کر گئی۔

پیر کی صبح کو 1100 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 1 لاکھ 16 ہزار 658 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ بعدازاں ٹریڈنگ کے دوران سٹاک ایکسچینج اچانک منفی زون میں چلی گئی اور کاروباری روز کے اختتام پر 100 انڈیکس 1405 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 14 ہزار 63 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ سٹاک مارکیٹ میں آج 20 ارب 54 کروڑ 56 لاکھ 23 ہزار 892 روپے مالیت کے 19 کروڑ 2 لاکھ 20 ہزار 474 شیئرز کا لین دین ہوا۔ یہاں واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان سٹاک مارکیٹ 1 لاکھ 20 ہزار پوائنٹس کی سطح کو بھی چھو گئی تھی، تاہم چند ہی دنوں میں مارکیٹ میں 6 ہزار سے زائد پوائنٹس کی مندی ہو چکی۔             
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات