عدلیہ تجاوزات کے خاتمے کا ازخود نوٹس لے، پاسبان

پیر 28 اپریل 2025 20:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین رفیق خاصخیلی نے کہا ہے کہ غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لئے بلاتفریق کاروائی کی جائے۔ایسے سخت اصول وضع کئے جائیں کہ لوگ غیر قانونی تعمیرات یا قبضوں کا سوچتے ہوئے بھی گھبرائیں۔کراچی شہر کو تجاوزات کا جنگل بنانے والی مافیا میں کرپٹ سیاست دانوں، بیوروکریٹس اور طاقتور اشرافیہ کی مدد کے لیئے ایس بی سی اے، کے ڈی اے، آباد،کے ایم سی اوردیگر حکومتی محکموں کے ساتھ صوبائی اور سٹی حکومت سب بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔

کراچی کو تجاوزات کے بوجھ سے آزاد کیا جائے۔ شہر کو منصوبہ بندی اور چارٹرڈ سٹی کا درجہ دیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شہری سہولیات کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔

(جاری ہے)

کراچی سمیت سندھ بھر میں متعدد پارک اور کھیل کے میدان تجاوزات کا شکار ہیں، جس سے نہ صرف شہریوں کی تفریحی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ شہر کی خوبصورتی اور ماحولیاتی توازن بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔

پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی سندھ ہائیکورٹ سے درخواست کرتی ہے کہ پورے صوبے میں تمام پارکوں اور عوامی مقامات سے تجاوزات کے خاتمے کا ازخود نوٹس لیا جائے ۔اس کے ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی تجاوزات کو روکنے کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام قائم کریں۔ غیر جانبدار ہوئے بغیرغیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کی مہم کو کامیاب بنانا ممکن نہیں ۔