30 اپریل کو کے ایم سی ہیڈ آفس پر مطالبات کے حق میں احتجاج کرکے یوم مزدور منائیں گے،سید ذوالفقار شاہ

پیر 28 اپریل 2025 19:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کا اہم سربراہی اجلاس دوپہر کے ایم سی ورکشاپ میں الائنس کے صدر سید ذوالفقارشاہ کی زیر صدرات ہوا۔اجلاس میں الائنس میں شامل یونینز کے سربراہوں اور قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں عالمی یوم مزدور یکم مئی ، ٹی ایم سیز کے ریٹائر ملازمین کے پینشن کیسز کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت اور فائر فائٹرز ڈے منانے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ عالم یوم مزدور کے حوالے سے کراچی بھر کے بلدیاتی ملازمین کو حقوق ومراعات سے محروم کرنے کے خلاف 30 اپریل کو صبح گیارہ بجے کے ایم سی ہیڈ آفس پر مطالبات کے حق میں احتجاج کیا جائے گا۔ بنیرز پر مطالبات تحریر کیجائیں گے اور مطالبات کے حق میں نعرے لگا ئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اور کے ایم سی بلڈنگ کے گرد چکر لگاکر قائدین خطاب کریں گے اور بعد ازاں پرامن طور پر منتشر ہوجائیگے۔

قائدین سید ذوالفقارشاہ، حبیب الرحمن، جاوید بلوچ، ملک امیر اعظم، ملک اعجاز، الیاس سندھو، فرانسس، الیاس خان جدون، نوشاد بلوچ، عزیر بلوچ، عباس احمد، ریحان قاضی نے کہا کہ بلدیاتی محنت کشوں کے لیے 1886 سے بھی بدتر صورتحال ہے۔ اب ہمیں اسی طرح جدوجہد کرکے قانونی مراعات پینشن، پینشنری واجبات، فوتگی کوٹہ، سینیارٹی پر ادارے سے ہی پرموشن کا حصول، ریٹائرمنٹ پر فوری واجبات کی ادائیگی، میڈیکل کی سہولت، ٹی ایم سیز کے ملازمین کی کے ایم سی کواٹرز سے بیدخلی کے خاتمے، ٹی ایم سیز کے ریٹائر ملازمین کو کے ایم سی سے ماہوار پینشن کی ادائیگی کو جاری رکھنے سمیت حاصل مراعات کو جاری رکھنے کے لیے سڑکوں پر آنا پڑے گا۔

لہذا کراچی کے ٹی ایم سیز و کے ایم سی کے ملازمین 30 اپریل کو کے ایم سی ہیڈ آفس پر صبح گیارہ بجے احتجاج کی تیاری کریں۔ اجلاس میں رابطے شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔