Live Updates

معاشرے کی بہتری اور ترقی کے لیے مسیحی برادری کے عزم پر فخر ہے،صدر ڈسٹرکٹ بار سیالکوٹ

پیر 28 اپریل 2025 21:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے صدر عرفان اللہ وڑائچ نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے معاشرے کی بہتری اور ترقی کے لیے مسیحی برادری کے عزم اور امن، ہم آہنگی اور بقائے باہمی کے اصولوں کیلئے ان کی لگن پر فخر ہے۔ یہ دن ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی حیات طیبہ اور تعلیمات کی یاد دلاتا ہے۔

رحمت، انکساری اور محبت آج بھی انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے ۔مسیحی برادری کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔ مسیحی برادری نے ہمیشہ ملکی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ان خیالات کا اظہارڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کےصدر عرفان اللہ وڑائچ نے سیکرٹری چوہدری محمد افضال اسلم،سابق سول جج ملک شہباز احمد کے ہمراہ بار لائبریری میں مسیحی وکلاء اور بار ملازمین کے ساتھ ایسٹر کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر البرٹ مسیح، روبینہ کوثر، فرح ودیگر وکلاء کے علاوہ بار ملازمین زاہد،پرویز، رخسارودیگر نے شرکت کی۔ سیکرٹری چوہدری محمد افضال اسلم نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے سب سے پہلے پاکستانی ہیں پاکستان مختلف مذاہب و ثقافتوں کا خوبصورت گلدستہ ہے تمام مذہب کا مقصد امن کا قیام ہے۔ انہوں نے پاکستان کی اقلیتی برادری کو ملکی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات