راولپنڈی شہر میں گرمی کی شدت میں اضافہ اور بارشوں کی کمی کے باعث پانی کی قلت

پیر 28 اپریل 2025 21:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) راولپنڈی شہر میں گرمی کی شدت میں اضافے اور بارشوں کی کمی کے باعث پانی کی قلت کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ راولپنڈی کے متعدد علاقوں میں زیر زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک گرنے کے سبب بورنگ کا پانی بھی خشک ہو گیا ہے جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ پانی کی بڑھتی ہوئی طلب سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکر مافیا نے پانی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں پانی کے ٹینکرز کی قیمتیں دگنی سے بھی تجاوز کر گئی ہیں جبکہ کئی کئی گھنٹے انتظار کے باوجود بھی پانی فراہم نہیں ہو رہا۔ متوسط اور غریب طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے جن کے لیے مہنگے داموں پانی خریدنا ناممکن ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

بعض علاقوں میں روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے اور عوام سخت ذہنی و جسمانی اذیت میں مبتلا ہیں۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری اور مؤثر مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ پانی کی مناسب اور بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور ٹینکر مافیا کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ عوامی حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر پانی کی قلت پر قابو نہ پایا گیا تو شہر میں صحت و صفائی کے سنگین مسائل جنم لے سکتے ہیں جو کہ کسی بڑے بحران کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر حکمت عملی سامنے نہیں آئی، جس پر شہریوں نے شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ عوامی نمائندوں سے بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلہ کے حل کے لیے اقدامات کریں اور شہریوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائیں۔

متعلقہ عنوان :