ڈپٹی کمشنر مٹیاری کی زیر صدارت قومی ایکشن پلان اور سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد

منگل 29 اپریل 2025 00:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی زیر صدارت قومی ایکشن پلان، سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی، جبری مشقت کے خاتمے، گداگری کی روک تھام، قومی شناختی کارڈ (CNIC) کی تصدیق اور سمگلنگ کے خلاف جاری آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے اجلاس لطیف ہال ڈپٹی کمشنر سیکرٹریٹ مٹیاری میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران سمیت محکمہ سماجی بہبود، اوقاف، پی پی ایچ آئی، فوڈ کنٹرولر اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں قومی ایکشن پلان کی روشنی میں ضلعی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیل سے بحث کی گئی۔

(جاری ہے)

سی پیک اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت، ان کی رہائش اور نقل و حرکت سے متعلق سیکیورٹی پلان کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ اداروں کو مزید بہتر تعاون اور نگرانی کی ہدایات جاری کی گئیں۔

غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی شناخت اور ان کی واپسی کے لیے شروع کئے گئے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی مرحلہ-II" کے تحت جاری کارروائیوں پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا۔ بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے لیے خصوصاً اینٹوں کے بھٹوں، ہوٹلوں اور دیگر مزدوری کے مقامات پر کام کرنے والے بچوں کے سکولوں میں داخلے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سماجی بہبود اور متعلقہ اداروں کو عملی اقدامات کی ہدایات دی گئیں۔

اس موقع پر ضلع میں بڑھتی ہوئی گداگری کے خاتمے کے لیے بھی خصوصی احکامات جاری کئے گئے، جن کے تحت سڑکوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر گداگری کی روک تھام کے لیے پولیس، محکمہ سماجی بہبود اور دیگر متعلقہ اداروں کو مشترکہ کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے اجلاس کے دوران ایکسائز، کسٹمز اور پولیس محکموں کو سمگلنگ کے خاتمے کے لیے مشترکہ آپریشن مزید مؤثر انداز میں کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ غیر قانونی تجارت اور سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کو تیز کیا جائے تاکہ قومی معیشت کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ضلع میں قومی مفادات سے متعلق منصوبوں، امن و امان کے قیام، بچوں کے حقوق کے تحفظ، گداگری کے خاتمے، قومی شناخت کی تصدیق اور سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے مقرر کردہ اہداف کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔